فائرنگ سے 2 افراد قتل، شہری ٹریفک حادثے میں جاں بحق، 8 زخمی اسلام آباد(خصوصی نامہ نگار) لڑائی جھگڑوں کے تین مختلف واقعات میں ایک شخص جاں بحق ،ایک ٹریفک حا دثے میں زندگی کی بازی ہار گیا جبکہ 8افراد کو زخمی کر دیا گیا۔گاڑی پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق جبکہ دوسرازخمی ہوگیا۔غنی الرحمٰن نے نیلور پولیس کو بتایا کہ کامران،حیات اور پانچ دیگر افراد نے زمین کے تنازع پر میرے بیٹے احتشام کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔ تھانہ کورال کے علاقے ترلائی پراچہ چوک گاڑی پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے حماد شاہ جاں بحق اور محبوب زخمی ہوگیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ کہ مقتول اور حملہ آور جھنگ سیداں کے رہائشی ہیں جو آپس میں نہ صرف رشتہ دار بلکہ ہمسایہ بھی ہیں دونوں میں خاندانی دشمنی چل رہی ہے رات گئے تک مقتول پارٹی نے پولیس کو ایف آئی آر کیلئے درخواست نہیں دی تھی۔پولیس نے مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کر دی ۔اسرار احمد نے نیلور پولیس کو بتایا کہ یونس و دیگر چار افراد نے میری زمین پر قبضے کی کوشش کی، منع کرنے پر میرے بھائی عارف کو فائر کر کے زخمی کر دیا، مشتاق نے کھنہ پولیس کو بتایا کہ جہانزیب و دیگر 9 افراد نے مجھے اور میرے بھائیوں کوچھری اور خنجر سے وار کر کے 7افراد کو زخمی کر دیا۔ جی ٹی روڈ پرگاڑی کی ٹکر سے ٹرک سوار جاں بحق ہو گیا، جنگریز نے گولڑہ پولیس کو بتایا کہ گاڑی نمبر آر آئی ایس 2806 کے ڈرائیور منیر نے تیز رفتاری اور غفلت سے چلاتے ہوئے ٹرک کو پیچھے سے ہٹ کیا جس سے فرنٹ سیٹ پر بیٹھا میرا بھانجا اویس خان جاں بحق ہو گیا۔ اسلام آباد سے مزید