آر ڈبلیو ایم سی ضلعی انتظامیہ سے گاڑیاں واپس نہیں لے سکی راولپنڈی (راحت منیر/اپنے رپورٹر سے) آڈٹ اعتراض اور بار بار یادہانی کے مراسلوں کے باوجود راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (آر ڈبلیو ایم سی) برسوں سے ضلعی انتظامیہ کے زیر استعمال گاڑیاں واپس نہیں لے سکی ہے۔ ادھر راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور ترک کمپنی البیراک کے درمیان سات سالہ معاہدہ 30نومبر کو ختم ہوگا۔ جبکہ گوجرخان میں نئی لینڈ فل سائٹ کیلئے خریدی جانے والی جگہ تاحال راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو ہینڈ اوور نہیں ہوئی ہے۔ باخبر ذرائع کے مطابق آر ڈبلیو ایم سی کی ایل ای1588،2015سے، ایل ای ایچ 4362۔2014اور آر آئی جے 50۔2014سے ضلعی انتظامیہ کے زیر استعمال ہے۔ ڈیپارٹمینٹل اکائونٹس کمیٹی (ڈی اے سی) نے 24ستمبر2020کو اپنی میٹنگ میں گاڑیاں اور کرایہ کی ریکوری کا حکم جاری کیا تھا۔ جس کے بعد رواں برس مئی اور جون میں بھی کمپنی نے یاد دہانی کے مراسلے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کو بھجوائے لیکن تاحال ضلعی انتظامیہ نے جواب دینا بھی گوارا نہیں کیا۔ ڈپٹی کمشنر عامر عقیق سے اس ضمن میں رابطہ کیا گیا کوئی جواب نہیں ملا۔ چیئرمین راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کرنل (ر) اجمل شبیر نے کہا کہ ابھی تک گاڑیوں کی واپسی کا کچھ نہیں ہوا۔ ذرائع کے مطابق2017سے نئی لینڈ فل سائٹ کیلئے جگہ خریدی جارہی ہے۔ اب معاملات کو حتمی شکل ملنے کے باجود ابھی تک لینڈ منتقل نہیں ہوئی۔ ادھر راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور البیراک کے درمیان ہونے والے سات سالہ معاہدے کی کٹ آف ڈیٹ پر اتفاق ہوگیا ہے اور معاہدہ 30نومبر کو ختم ہوگا۔ قبل ازیں معاہدے کی اختتامی تاریخ کے حوالے سے ابہام تھا کہ کونسی تاریخ حتمی قرار پائے گی۔ اسلام آباد سے مزید